ریاض (جنگ نیوز)ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن کے سیزن کا سب سے بڑا اور پُرکشش ٹورنامنٹ، ڈبلیو ٹی اے فائنلز 2025 ہفتے سے ریاض میں شروع ہورہاہے۔ جس میں دنیا کی آٹھ ٹاپ رینکنگ والی سنگلز کھلاڑی اور آٹھ بہترین ڈبلز ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، جو سال کی سب سے بڑی انعامی رقم کیلئے مقابلہ کریں گی۔ عالمی نمبر ون آرینا سبالنکا کو کیریئر میں پہلی بار ڈبلیو ٹی اے ٹرافی کیلئے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کیلئے 15.5 ملین امریکی ڈالرز کا مجموعی پرائز پول رکھا گیا ہے ۔ سنگلز چیمپئن کو 5.235 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 145 کروڑ پاکستانی روپے) کی غیر معمولی رقم انعام میں دی جائے گی۔ نوجوان امریکی اسٹار کوکو گاف ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔ ان کے علاوہ 2023 کی فاتح ایگا شوائیتک بھی مضبوط دعویدار ہیں۔ ان کے ساتھ آسٹریلین اوپن چیمپئن میڈیسن کیز، ایلینا ریباکینا ، امریکی کھلاڑی ایمانڈا انیسیمووا بھی مقابلے میں شامل ہونگی ۔