پشاور (جنگ نیوز)ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثنا اللہ خان کی زیرِ صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بابر خان تنولی، انتظامی افسران، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ انسداد پولیو مہمات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مہم میں پیش آنے والے مسائل، ٹیموں کی کارکردگی اور ٹریکنگ میکانزم پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام ٹیموں، متعلقہ محکموں اور والدین کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ہر بچے تک حفاظتی قطرے پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں آئندہ انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثنا اللہ خان نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر صورت پولیو سے بچا کے قطرے پلائیں تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کو ممکن بنایا جا سکے۔