• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیبلشمنٹ نے پچھلے الیکشن میں ہرایا، آج آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، بلاول

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں پچھلے الیکشن میں ہرایا، آج آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، کشمیری عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر کے نام کا اعلان اسلام آباد سے نہیں کشمیر سے ہوگا۔جمعہ کو پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج آزاد کشمیر کا پارلیمانی اجلاس تھا، پی پی اور کشمیر کی تاریخ سامنے ہے، پی پی کی بنیاد کشمیر کاز کی وجہ سے رکھی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر جگہ کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے، پی پی نے پچھلے الیکشن میں بھرپور حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر سیاسی سوچ اور سازش کے نتیجے میں کشمیر میں سیاسی خلا پیدا کیا گیا جس سے عوام کو نقصان پہنچا مگر پیپلز پارٹی پھر بھی پیچھے نہیں ہٹی اور اسمبلی میں پارٹی کی نمائندگی کرتے رہے اور آج پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوشش کرینگے کشمیر کے عوام کی امنگوں پر پورا اتریں، پیپلز پارٹی ایک جمہوریت پر یقین رکھنی والی جماعت ہے، اس اسمبلی کا جو وقت بچا ہے وہ پیپلز پارٹی کیلئے امتحان ہوگا، پیپلز پارٹی کے وزیراعظم سے لیکر ہر کارکن تک کوشش ہوگی کہ عوام کے مطالبات کا تحفظ کیا جاسکے، میں آپ کو مایوس نہیں کروں گا، میں آپ کی نمائندگی آزاد کشمیر سمیت ہر جگہ پر کروں گا۔دریں اثناء پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں آزاد کشمیر کے منتخب نمائندوں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کی خصوصی شرکت کے علاوہ چوہدری پرویز اشرف، چوہدری ریاض اور سردار تنویر الیاس خان بھی موجود تھے، اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں نے عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔اجلاس میں تنظیمی امور میں بہتری کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں چوہدری محمد یاسین،، چوہدری لطیف اکبر، سردار جاوید ایوب ، سردار یعقوب خان ، میاں عبدالوحید، جاوید اقبال بندھانوی، سید باذل نقوی، سردار ضیاء قمر، چوہدری قاسم مجید ،چوہدری عامر یاسین ،عامر غفار لون، چوہدری علی شان، جاوید بٹ، رفیق نیر، سردار احمد صغیر، نبیلہ ایوب ،عبدالماجد خان، عاصم شریف، چوہدری اکبر، سردار فہیم اختر ربانی، یاسر سلطان،چوہدری محمد اخلاق ، چوہدری ارشد، سردار حسین، ملک ظفر،فیصل راٹھور اور چوہدری رشید شریک تھے۔ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کیلئے پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر اپنے امیدوار کا اعلان کرےگی،امکان ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر ین بلاول بھٹو زرداری بھی آزادکشمیر کا دورہ کریں تاہم باضابطہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا نہ ہی اس بات کی تصدیق کی گئی کہ دورہ کرینگے ۔
اہم خبریں سے مزید