کراچی(اسٹاف رپورٹر)بولرز کی شاندار کارکردگی کے بعد تجربہ کار بابر اعظم نے فارم میں واپس آتے ہوئے میچ وننگ اننگز کھیلی اور پاکستان کو جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میں4 وکٹ سے کامیابی دلوادی ، جنوبی افریقا کا 139رنز کا ہدف ایک اوور قبل حاصل کرلیا ۔عثمان خان 6اور فہیم اشرف 4رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔پاکستان نےجنوبی افریقا کے خلاف سیریز دو ایک سے اپنے نام کی۔بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں 40ویں بار 50سے زائد رنز بناکر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کا 39بار 50سے زائد رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے ہوم گراونڈ پر فل ہاوس اسٹیڈیم میں47گیندوں پر68رنز کی اننگز کھیل کر نئی لائف لائن حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان نے2021میں ہوم گراونڈ پر جنوبی افریقا کو تین ایک سے شکست دی تھی۔بابر اعظم نےاپنی بیٹنگ سے ناقدین کو خاموش کردیا۔ انہوں نے 13میچوں کے بعد ٹی ٹوئینٹی میں پہلی نصف سنچری بنائی جبکہ موجودہ سیریز سے قبل وہ 26میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔انہوں نےمئی2024میں آئر لینڈ کے خلاف ڈبلن میں آخری نصف سنچری بنائی تھی۔31ویں سالگرہ کے دو ہفتے بعد بابر اعظم نے37ویں نصف سنچری 36گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے بنائی۔ کپتان سلمان علی آغا نے26گیندوں پر33رنز بنائے اور بابر اعظم کے ساتھ تیسرے وکٹ پر 52 گیندوں پر76رنز بنائے۔جواب میں پاکستانی اننگزکا آغاز بھی اچھا نہ رہا ، گذشتہ میچ میں 71رنز بنانے والے صائم ایوب ایک بار پھر صفر پر آوٹ ہوگئے۔صاحبزادہ فرحان18گیندوں پر19رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ حسن نواز پانچ رنز بناسکے۔محمد نواز صفر پر آوٹ ہوئے۔ قبل ازیں ہفتے کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ کی پہلی اننگز کی دوسری گیند سے ہی پاکستانی بولر شاہین چھائے گئے، شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور میں وکٹ لینے کے اعزاز کو برقرار رکھتے ہوئے ڈی کاک کو بولڈ کردیا، اگلی گیند پر انہوں نے پریٹوریس کو بغیر کھاتہ کھولے واپس پویلین بھیجا۔ابتدائی اوور میں 2 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پروٹیز بیٹرز دفاعی پوزیشن میں چلے گئے اور رنز بنانے کی کوشش میں مشکلات سے دوچار رہے۔ابتدائی دھچکے کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم سنبھل نہ سکی۔ پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ نے حریف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنےکا موقع فراہم نہیں کیا، ریزا ہنڈریکس نے36گیندوں پر 34 اور کوربن بوش نے23گیندوں پر 30رنز اسکور کئےبرویس21رنز بناکر عثمان طارق کے پہلے اوور میں آوٹ ہوئے، کپتان ڈنووان فریرا 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔وقفے وقفے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے مہمان ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہے اور مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 139رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 26رنز دے کر 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ڈیبیو کرنے والے اسپنر عثمان طارق اسپنرنے26اور فہیم اشرف نے 28 رنز دے کر 2،2 شکار کیے، جبکہ محمد نواز اور سلمان مرزا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔