پٹنہ (جنگ نیوز) بھارتی وزیر اعظم مودی نے انتخابی ہوائی چھوڑی ہے کہ پاکستان اور کانگریس دونوں آپریشن سندور سے نہیں سنبھلے، بی جے پی حکومت نے بہار سمیت پورے ملک میں ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کی ہے، نریندر مودی نے بہار کے ضلع میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس اور آر جے ڈی (راشٹریہ جنتا دل) کے اتحاد کو سخت نشانے پر لیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اصولوں اور نظریات کے بجائے اقتدار کے لالچ میں ایسے اتحاد کر رہی ہے جنہیں وہ خود بھی دل سے قبول نہیں کرتی۔ مودی کے بقول، ’’کانگریس دراصل تیجسوی یادو کو وزیراعلیٰ بنانا نہیں چاہتی تھی، لیکن مجبوری میں آر جے ڈی کے دباؤ پر اس کا اعلان کرنا پڑا۔‘‘انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’پاکستان اور کانگریس دونوں ہی آپریشن سندور سے نہیں سنبھلے‘‘، جس پر مجمع میں قہقہے گونج اٹھے۔ مودی کا اشارہ ممکنہ طور پر آر جے ڈی کی اندرونی سیاست اور بہار کی سماجی تبدیلیوں کی طرف تھا جنہیں وہ ’’سندور سیاست‘‘ قرار دے کر نشانہ بناتے رہے ہیں۔ وزیر ِاعظم نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی حکومت نے بہار سمیت پورے ملک میں ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کی ہے، جبکہ کانگریس اور اس کے اتحادی صرف اقتدار کے لیے سیاست کر رہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ ’’یہ اتحاد ذاتی مفادات پر مبنی ہے، عوام کی خدمت پر نہیں۔‘‘ ریلی میں موجود بی جے پی کے کارکنوں نے مودی کے نعروں کے ساتھ زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے ان کے بیانات کو ’’سیاسی ڈرامہ‘‘ قرار دے کر مسترد کر دیا۔