اسلام آباد (رانا غلام قادر) گذشتہ ایک ہفتےکےدوران سرگودھا میں چینی کی فی کلو قیمت میں تئیس روپےجبکہ کراچی اورحیدر آبادمیں چینی کی فی کلو قیمت پانچ روپےتک بڑھ گئی۔ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت دو سو دس روپے تک برقرار ہے۔پشاور کے شہری ملک میں سب سےزیادہ مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں جہاں چینی کا ریٹ 210روپے ہے۔ادارہ شماریات کی دستاویزکے مطابق کراچی اورسرگودھا میں چینی کی فی کلوقیمت بڑھ کر200 روپےتک پہنچ گئی، اس سےقبل سرگودھامیں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 177روپے اور کراچی میں195روپے تھی،اسلام آباد اورراولپنڈی میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 200 روپے تک ہے-اسی طرح حیدرآباد میں چینی کی زیادہ سےزیادہ فی کلو قیمت 190سے بڑھ کر195روپے ہوگئی-دستاویز کے مطابق حالیہ ایک ہفتےمیں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 12پیسے کی کمی ہوئی جس کے بعد ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188 روپے 69 پیسے پرآگئی جبکہ اس سے قبل ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188روپے81پیسے تھی،ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 132روپے47پیسے تھی۔