• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چائنہ کو دو اسپیشل اکنامک زون آفر کئے ہیں، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چائنہ کو دو اسپیشل اکنامک زون آفر کئے گئے ہیں اس کے لئے ان کی ٹیکنالوجی ٹیم آکر جائزہ لے گی ۔ وزیراعلیٰ کے پی کا قومی اجلاسوں میں شرکت نہ کرنا غلط پیغام دیتا ہے۔سی پیک فیز ون سے متعلق پی ٹی آئی حکومت کے بیانات کی وجہ سے چین میں بداعتمادی پیدا ہوئی۔سی پیک فیز ٹو کا آغاز 26 ستمبر سے ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ ‘ میں میزبان سلیم صافی سے کیا۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ اگر ہم لانگ مارچ اور انتشار کی سیاست کریں گے تو سرمایہ کار پاکستان کا رخ نہیں کریں گے ملک کو مستحکم بنانے کے لئے اپوزیشن کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔گوادر میں ترقیاتی کام جاری ہیں معمولی رکاوٹیں بلوچستان کی صورتحال کے باعث ہیں۔ احسن اقبال نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کے حصے کے مکمل فنڈز دیئے جا رہے ہیں اور وفاق کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کر رہا۔ جبکہ ٹی ایل پی سے متعلق کہا کہ یہ اپنے سیاسی مقاصد کے لئےدیئے لوگوں کو تشدد پر اکساتے ہیں۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو کا باقاعدہ آغاز چھبیس ستمبر سے ہوا ہے اس کی اہم بات یہ ہے کہ سی پیک فیز ون جو بہت زیادہ انفرااسٹرکچر پر فوکس تھا ہم پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے اور پی ٹی آئی حکومت کے تین وزراء کے بیانات کو بنیاد بنا کر امریکہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ نے پریس کانفرنس کی کہ یہ بیلٹ اینڈ روڈ سب قرضوں کا منصوبہ ہے اس سے پھر چین کے اندر بددلی اور بد اعتمادی پیدا ہوئی اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کئی ہزار کی تعداد میں جو چینی سرمایہ کار پاکستان متوجہ تھے وہ رفتہ رفتہ دوسرے ممالک چلے گئے تاہم 2022 کے بعد ہم نے چین سے دوبارہ اعتماد بحال کرنا شروع کیاجس کے نتیجے میں سی پیک فیز ٹو میں پانچ کوریڈورز کا اعلان کیا ہے جس میں پہلا گروتھ دوسرا سوشل اکنامک پراجیکٹس کرنے کا ہے اور تیسرا اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں استفادہ کیا جائے گا چوتھا گرین اینرجی ہے اور پانچویں چیز اوپن ریجنل ڈیولپمنٹ ہے کہ کس طرح پاکستان اور چین اس فریم ورک کو خطے کے ساتھ کیسے جوڑیں گے۔
اہم خبریں سے مزید