کراچی (اسٹاف رپورٹر ) آل سندھ ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ گرینڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نورالحق نے کمشنر کراچی کو کھلی دھمکی دی ہے کہ تجاوزات کی آڑ میں بند کئے گئے ہوٹلوں کو آئندہ 24 گھنٹوں میں غیر مشروط طور پر نہ کھولا گیا تو شہر کے داخلی و خارجی راستے مکمل طور پر بند کر دیں گے ، ان خیالات انہوں نے بدھ کی شام کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں انہوں نے ذمہ داران کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا، کراچی پریس کلب کے باہر ہوٹل مالکان کا ایک جم غفیر امڈ آیا جس کی وجہ سے کلب کے دونوں ٹریکس ٹریفک کی آمد و رفت بند گئے، نور الحق نے وزیر اعلیٰ ، گورنر سندھ ، چیف سیکریٹری اور کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا کہ بند کیئے گئے ہوٹل غیر مشروط کھول دیئے جائیں، اگر ہمارے جائز مطالبات منظور نہ ہوئے تو نیشنل ہائی وے ، سپر ہائی وے، حب روڈ دھرنا دے کر بند کر دینگے ، مظاہرین کے ساتھ جمعیت علمائے اسلام ف کراچی کے رہنماء مولانا غیاث نے اظہارِ یکجہتی کیا ۔