استنبول ، کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں، جنگ نیوز) پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان استنبول میں مذاکرات کا تیسرا دور شروع، مذاکرات میں دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ میکینزم کے قواعد وضوابط پر گفتگو کا آغاز کردیا گیا ہے۔ترک وزارتِ خارجہ کے مطابق اجلاس میں دونوں ممالک جنگ بندی کے نفاذ کے طریقہ کار کو حتمی شکل دیں گے اور ایک نگرانی و تصدیقی نظام قائم کرنے پر اتفاق ہوا ہے، جو جنگ بندی کی خلاف ورزی پر کارروائی یقینی بنائے گا۔دوسری جانب پاکستان نے افغانستان کی جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزی کے الزامات کو مسترد کردیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا ہے کہ جنگ بندی برقرار ہے ۔ تاہم چمن کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے ضلع چمن میں پاک افغان سرحد پر طالبان کی جانب سے فائرنگ اور راکٹ فائر کیا گیا ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ڈپٹی کمشنر چمن حبیب اللہ بنگلزئی نے بتایا کہ جمعرات کی شام پاک افغان سرحد چمن پر تصدق گیٹ اور مزال گلی اقبال پوسٹ پر طالبان کی جانب سے فائرنگ اور راکٹ فائر کیے گئے۔