اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطے میں امن اور مکالمے کے فروغ کیلئے قطر کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان شراکت علاقائی امن، توانائی کے تحفظ اور سماجی ترقی کیلئے سٹریٹجک اہمیت کی حامل ہے،پاکستان اور خلیجی ممالک افرادی قوت کی دستیابی ، مہارت کے فروغ اور پائیدار سرمایہ کاری میں تعاون بڑھا سکتے ہیں، پاکستان کے سماجی تحفظ کے نظام میں بائیومیٹرک تصدیق سے امدادی رقوم شفاف طریقے سے حقدار تک پہنچتی ہیں، ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں ہر خاندان کو سماجی تحفظ ہو، خواتین معاشی طور پر خود مختار ہوں اور نوجوانوں کو باعزت روزگار ملے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارقطر کے انگریزی اخبار’’ دی پیننسولا ‘‘کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔صدرنے کہا کہ قطر نے خطے میں امن کے لیے اہم ثالث کا کردار ادا کیا ، خصوصاً حماس اور بین الاقوامی فریقوں کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے اور امریکا اورطالبان کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی جس سے افغان امن عمل کی راہ ہموار اور پاکستان کے علاقائی تحفظات سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی۔