اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نےآذربائیجان کے صدر الہام علیوو کے درمیان جمعہ کی شب آذر بائیجان کے صدارتی محل میں ملاقات کی۔ چیف آف دی آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا، سیاسی، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ، وزیراعظم نے آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں شرکت کی دعوت دینے پر آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو یوم فتح پر مبارکباد دی جو آرمینیا کے خلاف کاراباخ کی آزادی کی 44 روزہ جنگ میں تاریخی فتح کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آذربائیجان کی فتح نے خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے مظلوم لوگوں خصوصاً بھارتی کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے لیے ایک امید کی کرن ہے۔