پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے زیرِ اہتمام خیبر پختونخوا کے سرکاری و نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کا عمل جاری ہے۔ کے ایم یو کے اعلامیہ کے مطابق رواں سال کے لئے پبلک سیکٹر میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لئےدرخواستیں 21 نومبر تک کے ایم یو کے آن لائن سنٹرلائزڈ ایڈمشن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اسی طرح پرائیویٹ سیکٹر میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لئے درخواست دینے کی مدت 7 نومبر سے 8 دسمبر تک مقرر کی گئی ہے،خواہشمند امیدواران آن لائن درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا ہے کہ صوبے میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کا یہ سنٹرلائزڈ نظام طلبہ کیلئے شفاف، میرٹ پر مبنی اور سہل طریقہ کار ہے، تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی درخواستیں پورٹل کے ذریعے جمع کرائیں۔ داخلوں کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی تکنیکی یا معلوماتی مشکل کی صورت میں امیدوار کے ایم یو ایڈمشن پورٹل پر درج ای میل ایڈریس پر رابطہ کر سکتے ہیں، جہاں ان کی رہنمائی کیلئے آئی ٹی سپورٹ ٹیم موجود ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے اس بات پر زور دیاہے کہ تمام اہل طلبہ بروقت اپنی درخواستیں مکمل کرائیں تاکہ انہیں بعد ازاں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ واضح رہے کہ پی ایم ڈی سی قواعد کے مطابق پبلک و پرائیویٹ سیکٹر میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ میں 55 فیصد جبکہ ڈینٹل کالجوں میں 50 فیصد نمبرز لینا ضروری ہے،اسی طرح کسی بھی امیدوار کے لئے ایف ایس سی پری میڈیکل یا 12 گریڈ کےمساوی امتحان میں 60 فیصد نمبر لینا لازمی ہے۔