پشاور(خصوصی نامہ نگار) تعلیم و تحقیق کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے سنٹر فار ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ پالیسی اینالیسس (سراپا) اور انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز (آئی آر ایس) پشاور میں مفاہمت کی یادداشت طے پاگئی۔ ڈائریکٹر آئی آر ایس ڈاکٹر محمد اقبال خلیل اور ڈائریکٹر سراپا صاحبزادہ وسیم حیدر نے معاہدے پر دستخط کئے۔ انچارج سراپا نور محمد، صدر بزمِ شاہین خیبر پختونخوا رشید اللہ، نگران سرکاری کالجز خیبر پختونخوا عبید الرحمٰن، اور ناظم پشاور حسن امین سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ یادداشت کے تحت دونوں اداروں نے تعلیمی تحقیق، پالیسی سازی، اور تعلیمی اشتراک کے مختلف شعبوں میں باہمی طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس شراکت داری کا مقصد شواہد پر مبنی تعلیمی پالیسیوں کا فروغ، مشترکہ تحقیقی منصوبوں کی تکمیل، سیمینارز، ورکشاپس اور تربیتی پروگرامز کا انعقاد، اور دونوں اداروں کے مابین علم و تجربے کے تبادلے اور طلبہ کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ ڈائریکٹر سراپا وسیم حیدر نے کہا کہ یہ مشترکہ معاہدہ پاکستان میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ و تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو ان کی پیشہ وارانہ ترقی کے لئے انٹرن شپ کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔ وسیم حیدر کا کہنا تھا کہ معاہدے کا مقصد تعلیم وتحقیق کے شعبے میں اشتراک کے ذریعے ترقی و فروغ کو ممکن بنانا ہے۔ تحقیق کے کلچر کو فروغ دے کر اپنا مستقبل آج سے بہتر بنا سکتے ہیں۔