اسلام آباد(اے پی پی)خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی معاونت سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داریوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ پاکستان نے ویتنام اور ایران کے ساتھ سرمایہ کاری و معاشی تعاون میں وسیع فروغ پر اتفاق کیا ہے ۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈقیصر احمد شیخ کی ویتنام اور ایران کے سفیروں سے اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات، سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات کے دوران ترجیحی تجارتی معاہدہ کے تحت ٹیکس میں کمی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔ ویتنام کے ساتھ صنعتی شراکت داری سے پاکستان کو مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدت کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ ایران کی جانب سے زرعی اجناس، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔آزاد تجارتی فریم ورکس میں شمولیت اور خصوصی اقتصادی زونز کی بدولت پاکستانی تجارت میں مثبت رجحان پیدا ہو گا،پاکستان اور ایران کے تجارتی تعلقات مضبوط ہونے سے نہ صرف علاقائی بلکہ بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی ممکن ہو گی ۔