کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) وائس چانسلر بیوٹمزپروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ اوروائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہاہے کہ علامہ اقبال حساس دل و دماغ کے مالک تھے آپ کی شاعری ہمیشہ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہی رہے گی یہی وجہ ہے کہ کلام اقبال دنیا کے ہر حصے میں پڑھا جاتا ہے اور مسلمانان برصغیر اسے بڑی عقیدت کے ساتھ زیر مطالعہ رکھتے ہیں اور ان کے فلسفے کو سمجھتے ہیں ان خیالات کا اظہار کاانہوں نے گذشتہ روزڈاکٹر علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہاکہ اقبال نے نئی نسل میں انقلابی روح پھونکی اور اسلامی عظمت کو اجاگر کیا ان کی کئی کتب کے انگریزی‘ جرمنی‘ فرانسیسی‘ جاپانی‘ چینی اور دوسری زبانوں میں ترجمے ہو چکے ہیں اقبال کے جس خواب کو قائداعظم نے شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے پاکستان حاصل کیا اس کی بقا اور ترقی ہماری ذمہ داری ہے جس کیلئے ہمیں اپنی استطاعت کے مطابق کوشش کرنا ہو گی تاکہ وطن عزیز ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال پرامن، اعتدال پسند اسلامی معاشرے کا قیام چاہتے تھے علامہ اقبالؒ کی فکر سے وابستگی کا یہ تقاضا ہے کہ ہم ان کی سوچ کو ناصرف سمجھیں بلکہ اس پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں وہ ریاست بنائیں جس کا تصور علامہ اقبالؒ نے پیش کیا تھا اور اس کو عملی جامہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے پہنایا۔