پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلامیہ کالج پشاور نے گورنمنٹ کالج پشاور کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے پشاور بورڈ کے زیرِ اہتمام انٹر کالجز فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا۔ اس موقع پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے چیئرمین خدا بخش مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، فاتح ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جہاں میرٹ، نظم وضبط اور خدا ترسی پر مبنی سلیکشن کا نظام ہو، وہ ادارے ہمیشہ ترقی کی منازل طے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، ان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی پشاور بورڈ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور بورڈ صرف امتحانات کے انعقاد تک محدود نہیں بلکہ طلباء وطالبات کو کھیلوں سمیت ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور سہولیات فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ پشاور بورڈ کے ڈائریکٹر سپورٹس منظر خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس علی ہوتی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس فردوس آفریدی اور نوید احمد بھی موجود تھے۔