کراچی (اسٹاف رپورٹر) انصاف لائرز فورم کراچی کے رہنما اور معروف قانون دان ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا کہ 26ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو پہلے ہی کمزور کیا جاچکا ہے، اب 27ویں ترمیم کے ذریعے آئین و قانون کی بالادستی کو مزید کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سٹی کورٹ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت آئین و قانون کی حکمرانی ختم ہوچکی ہے، عدلیہ کی آزادی اور سیاسی استحکام کے بغیر کوئی ملک نہیں چل سکتا۔ اگر فیصلے عوام کی امنگوں کے مطابق نہیں لیے گئے تو حالات مزید خراب ہوں گے، پہلے ہی ملک میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، ایسے میں اگر آئین کو ذاتی مفادات کے لیے توڑا گیا تو ملک کے نظام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔