راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں،27 جرائم پیشہ عناصر گرفتار کر لئے۔9 ملزمان سے شراب،اسلحہ معہ ایمونیشن اور منشیات اور 18 جواریوں سے داؤ پر لگی 51 ہزار روپے سے زائد برآمد کر لئے گئے۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے 6ملزموں کو گرفتار کرکے27لیٹر، ایک بوتل شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرلیا،تھانہ گوجر خان پولیس نے دوملزموں کو گرفتار کرکے 17لیٹر شراب برآمدکی،چکلالہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے 10لیٹر شراب ،کلرسیداں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے ایک بوتل شراب برآمدکی، جب کہ ریس کورس پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے چھری اور بنی پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرلیا۔ ادھرراولپنڈی پولیس نے تاش کے پتوں اور مرغوں کی لڑائی پر جواء کھیلنے والے 18 ملزموں کو گرفتار کرلیا،داؤ پر لگی رقم 51 ہزار640 روپے،17 موبائل فون، تاش کے پتے اور مرغے قبضہ پولیس میں لے لیے گئے، تھانہ رتہ امرال پولیس نے تاش کے پتوں پر جواء کھیلنے والے 11 افراد کو گرفتار کرکے داؤ پر لگی رقم 39 ہزار 200 روپے،9 موبائل فون اور تاش کے پتے برآمدکئے ، تھانہ رتہ امرال پولیس نے اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم کی موجودگی کی اطلاع پر ریڈ کیا جہاں پولیس کے مطابق ،جواء کھیلنے والے افراد نےپولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اشتہاری مجرم کو فرار کروا دیا، پولیس نے مرغوں کی لڑائی پر جواء کھیلنے والے 7 ملزموں کو گرفتار کرلیا، جب کہ داؤ پر لگی رقم 12 ہزار 440 روپے، 8 موبائل فون اور مرغے قبضہ پولیس میں لے لیے گئے۔ جبکہ راولپنڈی پولیس نے 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے 5 کلو 100گرام چرس برآمد کرلی ۔ملزموں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے۔