کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں راؤنڈ کے پہلے دن فاٹا کے محمد سلمان، فیصل آباد کے فہم الحق اور اویس ظفر نے سنچریاں اسکور کیں۔ ملتان کے علی عثمان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں کراچی بلوز پہلی اننگز میں 258 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ دانش عزیز 89 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ایبٹ آباد نے کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں پر 31 رنز بنائے تھے۔ ایبٹ آباد میں فیصل آباد نے اسلام آباد کے خلاف 4 وکٹوں پر322 رنز بنائے تھے۔ فہم الحق 109 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اویس ظفر 138 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں فاٹا نے بہاولپور کے خلاف 5 وکٹوں پر 271 رنز بنائے تھے۔ محمد سلمان نے 114، خوشدل شاہ نے 95 رنز اسکور کیے ۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں پشاور پہلی اننگز میں 245 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ اسرار اللہ نے83 رنز بنائے ۔ نعمان علی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور وائٹس نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 30 رنز بنائے تھے۔ مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں سیالکوٹ 288 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اذان اویس نے81 اور محمد ہریرہ نے 60 رنز بنائے۔ علی عثمان نے 98 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ملتان نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 63 رنز بنائے تھے۔