اسلام آباد (محمد صالح ظافر) پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے نئے سفیر میجر جنرل (ر) سالم محمد سالم البواب الزیبی نے اسلام آباد میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ دفتر خارجہ کو سفارتی دستاویزات موصول ہوگئی ہیں۔ امارات کے سفیر رواں ہفتے کے شروع اسلام آباد پہنچے۔ انہوں نے پاکستان میں سفیر کی حیثیت سے حماد عبید کی جگہ لی ہے۔ وہ تبدیل ہوکر مصر چلے گئے ہیں اور انہوں نے قاہرہ میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھال یل ہیں۔ الزیبی امارات کی وزارت خارجہ کے سینئر ترین افسر ہیں، منگل کو یہاں سفارت ذرائع نے بتایا کہ ان کی پاکستان میں تعیناتی ظاہر کرتی ہے کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت پاکستان کو کتنی اہمیت دیتی ہے۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ اقدار، ثقافتی تعلق اور باہم احترام کے تعلق میں بندھے ہیں۔ توقع ہے کہ امارات کے نئے سفیر رواں ماہ کے آخر میں صدر آصف علی زرداری کو اپنی سفارتی اسناد پیش کریں گے۔