اسلام آباد (مہتاب حیدر) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چاندی کی بڑی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، انٹرنیشنل پارسلز سے 6 کروڑ 69 لاکھ روپے مالیت کی 79 کلو چاندی کی جیولری برآمد۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے کسٹمز حکام نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی پر انٹرنیشنل میل آفس، کراچی کے ذریعے پاکستان میں بڑی مقدار میں چاندی کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ بین الاقوامی پارسلز کی تفصیلی جانچ کے دوران کسٹمز کی ٹیم نے تین الگ الگ کھیپوں میں چھپائی گئی 79.18 کلوگرام چاندی کی جیولری کا پتہ لگایا، جس کی مالیت تقریباً 6 کروڑ 69 لاکھ روپے بنتی ہے۔ یہ پارسلز، جنھیں ’’زیورات/فیشن کے زیورات‘‘ کے طور پر ظاہر کیا گیا تھا، ہانگ کانگ سے بھیجے گئے تھے اور ان پر راولپنڈی کے ایک وصول کنندہ کا پتہ درج تھا۔