کراچی (ٹی وی رپورٹ) اسلام آباد جی الیون کچہری کے باہر دھماکے پر جیو کی خصوصی نشریات میں دفاعی و سیاسی تجزیہ کاروں اور صحافیوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گرد حملے اور واقعات بھارت و افغانستان کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لال قلعہ وانا کیڈیٹ کالج اور اسلام آباد کچہری حملے ایک منظم منصوبے کا حصہ ہیں جن کا مقصد پاکستان کو سیاسی و معاشی طور پر عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارت اپنی داخلی کمزوریوں خصوصاً بہار الیکشن اور نریندر مودی کی گرتی ہوئی ساکھ کو سہارا دینے کے لیے فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لے رہا ہے جبکہ افغانستان بھارتی اشاروں پر پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ تجزیہ کاروں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ اس خصوصی نشریات میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ساتھ دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) احمد سعید منہاس، ڈاکٹر قمر چیمہ، میجر جنرل (ر) زاہد محمود، بریگیڈیئر (ر) راشد ولی، بریگیڈیئر (ر) وقار حسن، ماہر قومی سلامتی امور سید محمد علی، صحافی و تجزیہ کار افتخار فردوس، شہزاد اقبال اور شاہزیب خانزادہ نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔