• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی میں آج دوسرا ون ڈے، دہشت کو ہرانے کے بعد پاکستان اور سری لنکا پھر مدمقابل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دہشت کو ہرانے کے بعد پاکستان اور سری لنکا دوسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں جمعے کو پنڈی میں مدمقابل ہونگے۔ دونوں ٹیموں نے سخت پہرے میں پنڈی اسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس کی ۔ پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ شاہین آفریدی اور دیگر پاکستانی کھلاڑیوں نے شائقین سے اپیل کی کہ 14 اور 16 نومبرکو شائقین زیادہ سے زیادہ گراؤنڈ میں میچ دیکھنے پہنچیں۔ مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرنے پر سری لنکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ دریں اثنا سکندر رضا کی قیادت میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم جمعرات کی صبح اسلام آباد پہنچ گئی ، ٹیم کو سخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا ۔ سری لنکا کے دو ون ڈے میچوں کے علاوہ تین ملکی ٹورنامنٹ کے تمام میچ پنڈی میں ہوں گے۔ جنگ نے بدھ کو خبر دی تھی کہ لاہور میں میچ نہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ کے شیڈول میں معمولی ردوبدل کیا ہے۔ سہ فریقی ٹی20 سیریز 18 سے 29 نومبر تک راولپنڈی میں ہوگی ۔سیکورٹی خدشات کے سبب لاہور میں میچ نہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد سری لنکن کھلاڑیوں نے اپنی حفاظت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ تاہم، سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جب کہ کسی کھلاڑی کے دورے سے دستبرداری کی صورت میں متبادل کھلاڑیوں کو بھیجا جائے گا۔ ایک سری لنکن عہدیدار نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کم از کم 8 سری لنکن کرکٹرز پاکستان اور زمبابوے کے خلاف سہ ملکی وائٹ بال کرکٹ سیریز میں حصہ لیے بغیر وطن واپس لوٹ جائیں گے ۔ سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 18 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے درمیان ملاقات ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ محسن نقوی نے تمام تحفظات دور کیے اور دورہ جاری رکھنے پر آمادہ کیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر سیکیورٹی کو سپروائز کریں گے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی فیملیز کو پاکستان آکر میچ دیکھنے کی دعوت دی۔

اسپورٹس سے مزید