کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں راؤنڈ کے تیسرے دن پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے 28 چوکوں کی مدد سے کیریئر بیسٹ 250 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔ رمیز عزیز نے 78 رنز بنائے۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کراچی بلوز نے دوسری اننگز 451 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی۔ ایبٹ آباد کو 519 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے 5 وکٹوں پر 147 رنز بنائے تھے۔ سیالکوٹ نے ملتان کو 204 رنز سے ہرادیا۔ فاٹا نے بہاولپور کو اننگز اور 86 رنز اور پشاور نے لاہور وائٹس کو85 رنز سے ہرادیا۔ ایبٹ آبادا سٹیڈیم میں فیصل آباد نے اسلام آباد کے خلاف دوسری اننگز 2 وکٹوں پر 221 رنز بناکر ڈکلیئر کردی ۔ سردار حسن رضا نے 106 ا ور اویس ظفر 52 رنز ناٹ آؤٹ بنائے ۔ اسلام آباد کو 449 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے ایک وکٹ پر 159 رنز بنائے تھے۔ شامل حسین سترہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 101رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ عبدالفصیح نے 57 رنز اسکور کیے۔ عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں بہاولپور کی ٹیم دوسری اننگز میں 164رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ حیات اللہ اور سراج الدین نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ خوشدل شاہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں پشاور کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف دوسری اننگز میں 237 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ اسرار اللہ نے76 رنز بنائے۔ نعمان علی نے112 رنز دے کر 5 اور میچ میں نو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس نے چار وکٹیں حاصل کیں ۔ لاہور 253رنز کے ہدف کے جواب میں 167 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ساجد خان نے 60رنز دے کر5 جبکہ میچ میں10 وکٹیں حاصل کیں۔ مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں 391 رنز کے ہدف کے جواب میں ملتان 186 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ حمزہ نذر نے 64رنز دے کر 5 اور مہران ممتاز نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ مہران ممتاز پلیئرآف دی میچ قرار پائے۔