راولپنڈی ( اپنے رپورٹرسے)صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ نے راولپنڈی میں سگنل فری منصوبے کے باعث ٹریفک مسائل کا جائزہ لینے کے لیے راولپنڈی کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ 14 ارب سے راولپنڈی میں سگنل فری منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ کچہری چوک، افتخار جنجوعہ چوک اور انیکسی چوک کی ری ماڈلنگ کی جائے گی۔ سگنل فری منصوبہ میں تین انڈر پاسز اوردو فلائی اوور زشامل ہیں۔ جہلم روڈ اور راشد منہاس روڈ کے درمیان فلائی اوور ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ منصوبہ کو آٹھ ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔دریں اثناءکچہری چوک فلائی اوور منصوبے کی پیش رفت سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا کہ افتخار جنجوعہ چوک پر انڈر پاس،کچہری چوک پر انڈر پاس اور فلائی اوور ،اور جناح پارک پر انڈر پاس اور فلائی اوور پر تعمیراتی کام 3 نومبر 2025 سے شروع کیا گیا۔ جناح پارک فلائی اوور کے پائلز کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔جبکہ جناح پارک انڈر پاس کے پائلز کا 10 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔کچہری چوک فلائی اوور کے پائلز کا 28 فیصد اور گرڈرز کا 32 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اسی طرح کچہری چوک انڈر پاس کے پائلز کا 17 فیصد کام مکمل ہے۔ افتخار جنجوعہ چوک پر گائیڈ بیم کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور ڈرلنگ کا کام جاری ہے۔