اسلام آباد(پ ر)بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کرن بلوچ نے قومی مکالمہ برائے خواتین، امن و سلامتی میں بلوچستان کی نمائندگی کی۔ یہ مکالمہ نیکٹا، یو این ویمن پاکستان اور قومی کمیشن برائے حیثیتِ نسواں کے باہمی اشتراک سے منعقد ہوا۔یہ پاکستان کے پہلے Women, Peace & Security Dialogue میں بلوچستان کی تاریخ کی پہلی نمائندگی تھی جو صوبے کی خواتین کو قومی سطح پر پالیسی سازی اور امن عمل میں شامل کرنے کی سمت ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس موقع پر کرن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن خواتین کے حقوق، صنفی مساوات اور امن و ترقی کے عمل میں خواتین کی موثر شرکت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،انہوں نے بلوچستان اسمبلی اور وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کو چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2025 کی منظوری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون بچوں کے حقوق کے تحفظ، کم عمری کی شادیوں کے خاتمے اور صنفی مساوات کے فروغ کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ بلوچستان نے دیگر صوبوں کے لیے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔