پشاور ( خصوصی نامہ نگار) میڈیا کرکٹ لیگ کے دوسرے روز چار میچ کھیلے گئے، پی پی سی پینتھرز، ڈولفن، شاہین اور اسٹارز نے کامیابی حاصل کرلی۔ اس موقع پر کمشنر پشاور ریاض محسود مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ پہلے میچ میں پی پی سی پینتھرز نے پی پی سی پختونز کو 62 رنز سے شکست دی پینتھرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 142 رنز بنائے زاہد امداد نے 58 اور ارسلان ٹکر نے 56 رنز بنائے۔ جواب میں پختونز کی ٹیم 80 رنز بنا سکی۔ ذیشان کاکا خیل 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پینتھرز کے تنویر نے دو وکٹیں حاصل کیں، زاہد امداد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔دوسرے میچ میں پی پی سی ڈولفنز نے پی پی سی بلز کو 18 رنز سے مات دی ڈولفنز نے مقررہ اوورز میں 88 رنز بنائے عاقب 37 اور طیب عثمان کے 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بلز کی جانب سے حزب اللہ اور ناصر علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں بلز کی ٹیم 70 رنز ہی بنا سکی ناصر خان نے 23 رنز کی اننگز کھیلی، ڈولفنز کی جانب سے طیب عثمان اور امیر معاویہ نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کئے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز عاقب کے حصے میں آیا۔ تیسرے میچ میں پی پی سی شاہین نے پی پی سی درویش کو 65 رنز سے شکست دی شاہین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 114 رنز اسکور کئے، عمران یوسفزئی نے 54 رنز بنائے۔ جواب میں درویش کی ٹیم پانچ وکٹوں کے نقصان پر 49 رنز بنا سکی۔ شاہین کے ہاشم خان اور امجد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی عمران یوسفزئی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ چوتھے میچ میں پی پی سی اسٹارز نے پی پی سی اسپائیڈر کو با آسانی شکست دی۔ اسپائیڈر نے پہلے کھیلتے ہوئے 71 رنز اسکور کئے نوید جان 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میں اسٹارز نے ہدف ساتویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ علی حمزہ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ریاض محسود نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور صحافی برادری پر اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ کام کے دباؤ کے باوجود میڈیا ورکرز کا کھیلوں جیسی سرگرمیوں میں حصہ لینا قابل تحسین ہے کیونکہ موجودہ دور میں جسمانی ورزش اور کھیل کود کے لئے وقت نکالنا نہایت ضروری ہے۔