کراچی(اسٹاف رپورٹر)بابر اعظم کی فارم میں واپسی کے ساتھ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرا ون ڈے انٹر نیشنل 8وکٹ سے جیت کر سیریز میں دوصفر سے کامیابی حاصل کرلی۔اتوار کو پنڈی اسٹیڈیم تیسرے اور آخری میچ کی میزبانی کرے گا۔پاکستان کے پاس ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرنے کا سنہری موقع ہے۔شاہین شاہ آفریدی نے فلو میں مبتلا ہونے کی وجہ سے دوسرے میچ میں شرکت نہیں کی تھی۔وہ تیزی سے بہتر ہورہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ تیسرے میچ میں کپتانی کریں گے۔بابر اعظم نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 20ویں سنچری اسکور کی اور سعید انور کا پاکستانی ریکارڈ برابر کردیا۔ بابر اعظم نے کہا کہ میں نے تنقید کو نظر انداز کرکے خود کو بہتر بنانے پر توجہ رکھی۔ سب کھلاڑیوں نے میرا ساتھ دیا، پرستاروں نے مجھے نہیں چھوڑا، انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 2 سال اور 2 ماہ سے زائد کے بعد اور 807 دن کے طویل انتظار کے بعد سنچری اسکور کی ہے۔اس طرح انہوں نے عمران خان کا 636 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔