لاہور ( جنرل رپورٹر ) پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اور ٹیچر کبھی ریٹائر نہیں ہوتا بلکہ اپنی زندگی کے ہر مرحلے میں دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل اساتذہ نوجوان ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ باعزت طور پر سبکدوش ہونا کسی بھی معالج اور استاد کیلئے ایک اعزاز ہے۔پروفیسر فاروق افضل کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ معاشرے کا حسن ہیں اور رہیں گے۔ وہ سربراہ شعبہ یورولوجی پروفیسر ڈاکٹر خضر حیات گوندل کے اعزاز میں منعقدہ پروقار الوداعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں فیکلٹی ممبران، کنسلٹنٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پروفیسر فاروق افضل نے بتایا کہ پروفیسر خضر حیات گوندل نے جنرل ہسپتال شعبہ یورالوجی کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا، جدید ٹیکنالوجی سے مریضوں کا علاج اورمریض دوست ماحول قائم کیا اور نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت کیلئے باقاعدہ ورکشاپس منعقد کیں۔