• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ون ڈے بھی پاکستان کے نام، سری لنکا کو شکست، سیریز میں وائٹ واش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی بولروں کے غیر معمولی کارکردگی کے بعد بیٹنگ لائن نے آسان ہدف کو کسی مشکل کے بغیر عبور کرکے تیسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں سری لنکا کو چھ وکٹ سے شکست کرسیریز میں تین صفر سے وائٹ واش مکمل کرلیا ۔ دو ہفتوں میں پاکستان نے شاہین آفریدی کی قیادت میں دوسری ون ڈے سیریز اپنے نام کی ہے ۔ محمد رضوان نے لگاتار دوسری، سری لنکا کیخلاف چھٹی اور کیریئر کی 19ویں نصف سنچری بنائی ۔ انہوں نے92 گیندوں پر61ناٹ آئوٹ چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ حسین طلعت42 رنز57 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ دونوں کی میچ وننگ شراکت میں ایک سو رنز بنے۔ ون ڈے ڈیبیو کرنے والے حسیب اللہ صفر پر پویلین لوٹے، فخر زمان 45 گیندوں پر 55 ، پچھلے میچ کے سنچری میکر بابر اعظم 52 گیندوں پر34 رنز چار چوکوں کی مدد سے بناسکے۔ سلمان 6 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ جیفری وینڈ سر نے42رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں راولپنڈی میں مہمان ٹیم بے بس نظر آئی اور 45.2 اوورز میں 211 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سدھیرا سمارا وکرما 48 ، کپتان کوسال مینڈس 34، کامل مشرا 29 ، نسانکا 24 اور رتھ نائیکے نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے37گیندوں پر32 رنز اسکور کئے۔ محمد وسیم جونیئر نے 47 رنز کے عوض 3 ، نوجوان اسپنر فیصل اکرم اور فاسٹ بولر حارث رؤف نے 2، 2 جبکہ فہیم اشرف اور کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ لی ۔