کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالمی چیمپئن جنوبی افریقا نے پہلے ٹیسٹ میں ایڈن گارڈنز میں ہوم گرائونڈ پر 30رنز سے بھارت کوعبرت ناک شکست دے کر بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملادیا۔ پروٹیز نے بھارتی سرز مین پر پندرہ سال بعد ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔ 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہوم ٹیم 93 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ میچ میں8وکٹیں لینے والے ہارمر بہترین پلیئر قرار پائے ۔ کپتان شبمن گل اسپتال میں داخل ہونے کے باعث بیٹنگ نہ کر سکے۔ وہ پہلی اننگز میں گردن پر چوٹ لگنے کے بعد ریٹائر ہرٹ ہوگئے تھے۔ دوسرے میچ میں شرکت کا فیصلہ فٹنس دیکھ کر کیا جائے گا۔ بھارت کی دوسری اننگز میں واشنگٹن سندر 31 اور اکشر پٹیل 26، رویندرا جدیجا نے 18 رنز بنائے۔ سائمن ہارمر نے 4، کیشو مہاراج اور مارکو جینسن نے 2، 2 جبکہ ایڈن مارکرام نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم نے تیسرے روز کپتان ٹمبا باووما کے ناقابل شکست 55 رنز کی بدولت 153 رنز بنائے ۔ رویندرا جدیجا نے 4، کلدیپ یادیو اور محمد سراج نے 2،2 وکٹیں لیں۔ فاتح ٹیم پہلی اننگز میں 159 اور بھارتی ٹیم نے 189 رنز بنائے تھے۔