• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہ فریقی ٹی 20 سیریز، پاکستان فتوحات جاری رکھنے کا خواہاں، آج زمبابوے سے مقابلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں تین صفر سے وائٹ واش کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم منگل سے سلمان علی آغا کی قیادت میں تین ملکی ٹی 20 سیریز میں ایکشن میں دکھائی دے گی۔ سری لنکا کپتان چیرتھ اسالنکا کی خدمات سے محروم ہے ان کی جگہ دوسن شناکا کپتانی کریں گے۔ اسالنکا کی جگہ رتھنائیکے کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے ، سری لنکن میڈیا کے مطابق اسالنکا ٹرائی سیریز سے قبل فلو کا شکار ہو گئے تھے اور وطن واپس جارہے ہیں۔ فاسٹ بولر آستھا فرنینڈو بھی بیماری کی وجہ سے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم دو دو میچ کھیلے گی۔ فائنل 29نومبر کوہوگا۔ تمام میچ پنڈی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ پہلا میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ زمبابوے کی قیادت سکندر رضا کررہے ہیں جو پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی فتوحات کے مرکزی کردار تھے۔ موجودہ سیزن میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور جنوبی افریقا کے خلاف دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی ہے جبکہ ایشیا کپ کا فائنل کھیلا ہے۔ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ اچھا مقابلہ ہوگا، کوشش کریں گے کہ نئے لڑکوں کو موقع دیں۔ بیٹرز کو پرفارمنس دینے کیلئے اچھے فریم آف مائنڈ میں رہنا ضروری ہوتا ہے، سیریز دو اچھی ٹیموں کے خلاف مسلسل کرکٹ کھیلنے کا موقع اور منصوبہ بندی کو ورلڈ کپ سے قبل مزید نکھارنے کا موقع فراہم کرے گی۔ ہم نے حالیہ مہینوں میں حوصلہ افزا کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور ہم اس تسلسل کو اس سیریز میں لے جانے کے لیے پر امید ہیں۔ خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان21 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے 18 جبکہ زمبابوے نے 3 جیتے ہیں ۔ پاکستان اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سلمان علی آغا ( کپتان ) ، فخرزمان، صائم ایوب، بابراعظم، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، عبدالصمد، فہیم اشرف، محمد نواز، ابرار احمد ، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، سلمان مرزا اور عثمان طارق۔ ٹورنامنٹ کا شیڈول یہ ہے۔18 نومبر۔ پاکستان بمقابلہ زمبابوے۔20 نومبر۔ سری لنکا بمقابلہ زمبابوے۔22 نومبر۔ پاکستان بمقابلہ سری لنکا۔23نومبر۔ پاکستان بمقابلہ زمبابوے۔25 نومبر۔ زمبابوے بمقابلہ سری لنکا۔27 نومبر۔ پاکستان بمقابلہ سری لنکا۔29 نومبر۔فائنل۔

اسپورٹس سے مزید