کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو ایک روزہ دورہ کراچی میں سندھ اور بلوچستان کی اہم با اثر سیاسی شخصیت نوابزادہ جام کرم علی اور پرنس جام قائم علی سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال تفصیلی گفتگو کی گئی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف رکن قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل کی رہائش گاہ پر گئے، انہوں نے عبدالقادر پٹیل کو انکے صاحبزادے کی شادی کی مبارکباد دی۔ دریں اثناءوزیرِ اعظم شہباز شریف سابق وزیرِ اعلی سندھ اور رکن قومی اسمبلی مرحوم آفتاب شعبان میرانی کے گھر گئے۔وزیرِ اعظم نے آفتاب شعبان میرانی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اہل خانہ سےاظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ ریلوے حنیف عباسی، معاون خصوصی طلحہ برکی، وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے اعزاز میں میزبانوں کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا جس میں سعودی عرب، ترکیہ، فرانس، جرمنی، قطر، برطانیہ، روس، چین،متحدہ عرب امارات سمیت بارہ ممالک کے سفارت کا ر بھی شریک تھے۔