اسلام آباد(کامرس رپورٹر ، آئی این پی ) وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ فلاحی وخیراتی سرگرمیوں کومربوط بنانے میں حکومت، نجی شعبہ اورسول سائٹی کواپنا کرداراداکرنا چاہئے،انہوں نے کہا کہ جو لوگ عطیات کو چھپا رہے ہیں وہ بھی سامنے آئیں، عطیات کو ظاہر کرنا دین و دنیا کیلئے بہتر ہے،عطیات ادا کرنے والی کمپنیاں اور کاروباری شخصیات مشعل راہ ہیں، اس فریم ورک سے سماجی شعبے میں خاطر خواہ بہتری آئے گی،وزیراعظم کی جانب سے سوشل امپیکٹ فنانسنگ فریم ورک کی تشکیل کے اقدام کابنیادی مقصد اثرپذیری پرمبنی مالیاتی فریم ورک کاقیام ہے، 400سے زیادہ لسٹڈ کمپنیوں میں سے 300سے زائد کمپنیوں نے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت اپنی فلاحی ذمہ داریاں اداکی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کااظہاربدھ کو پاکستان سینٹر فار فیلنتھراپی کی جانب سے رپورٹ کے اجراء اورایوارڈز کی تقسیم کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت کے اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے،کلی معیشت کی صورتحال مستحکم ہے اوراب برآمدات پرمبنی پائیدارنموکے راستے پرگامزن ہیں،ترقی کے ثمرات عوام کومنتقل کرنا ضروری ہے، اس مقصدکیلئے اصلاحات کاعمل جاری ہے۔