اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی،اے پی پی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار اور شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی، دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ سے ماسکو میں ملاقات ایس سی او سربراہان حکومت اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ادھرماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے بعد نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار بیلجیئم روانہ ہو گئے ، جہاں وہ 3 روزہ دورے کے دوران پاکستان اور یورپی یونین (ای یو) کے درمیان ساتویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔