کراچی( ثاقب صغیر )کراچی میں ای چالان نظام کے نفاذ کے باوجود ہیوی ٹریفک سے شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، ای چالان کے نفاذ سے اب تک 24 شہری ہیوی گاڑیوں کی زد میں آ کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔رواں برس اب تک ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 232 ہو گئی ہے ۔ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر ٹریکر ڈمپر اور واٹر ٹینکر کے چلنے پر پابندی عائد کرنے اور ہیوی ٹریفک کی حد رفتار طے کرنے کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں میں ہیوی ٹریفک کو اپنے مقررہ وقت سے پہلے سڑکوں پر آتے ہوئے اور رفتار سے تجاوز کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ای چالان نظام 27 اکتوبر سے فعال ہوا تھا جس کے بعد سے اب تک 24 شہری ہیوی ٹریفک کی زد میں آ کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔چھیپا حکام کے مطابق اس دوران ڈمپر کی ٹکر سے 5 شہری جاں بحق ہوئے، ٹریلر کی ٹکر سے 8، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 5،مزدا کی ٹکر سے 2 اور بس کی ٹکر سے جاں بحق 4 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔چھیپا حکام کے مطابق رواں برس ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے اب تک جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 232 ہو چکی ہے جن میں ڈمپر کی ٹکر سے 41، ٹریلر کی ٹکر سے 88، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 52، مزدا کی ٹکر سے 20 اور بس کی ٹکر سے 31 شہری جاں بحق ہوئے۔چھیپا حکام کے مطابق رواب برس 19 نومبر تک شہر بھر میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں اب تک 769 شہری جاں بحق جبکہ 10 ہزار 956 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 602 مرد، 74 خواتین اور جبکہ 93 بچے شامل ہیں۔