اسلام آباد(طاہر خلیل )سپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کی تقرری متعلق رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر کے خط کا جواب دے دیا گیا ،خط کے متن کے مطابق عمر ایوب خان کی رٹ پٹیشن پر سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے انکی نااہلی کے کیس کو واپس پشاور ہائی کورٹ کو بھیجا ہے، عمر ایوب خان کی رٹ پٹیشن پشاور ہائی کورٹ میں زیرِ التوا ہے، ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر نے 6اکتوبر 2025 کو اسپیکر قومی اسمبلی کو اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کیلئے خط لکھا تھا، قومی اسمبلی قواعدِ و ضوابط کے طریق کار کے قاعدہ 39 اور 39B کے تحت اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کا مکمل طریقہ کار واضح ہے، خط کے متن میں کہا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی نشست کے خالی ہونے کے اعلان سے قبل اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کیلئے نام جمع نہیں کرائے جا سکتے ، اسپیکر قومی اسمبلی قواعد و ضوابط کے تحت قائد حزب اختلاف کی تقرری کیلئے تاریخ، وقت اور مقام کا اعلان کرتے ہیں۔