• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کام محنت سے ہوتا ہے، جادو ٹونے سے نہیں، مخالفین بھی کہتے ہیں ترقی ن لیگ کے دور میں ہوئی، وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کام محنت سے ہوتا ہے جادو ٹونے سے نہیں،مخالفین بھی کہتے ہیں ترقی (ن) لیگ کے دور میں ہوئی، راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بس منصوبے کا افتتاح ،کئی بڑے اعلانات کئے، انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا ذکر ہو تو گالیاں، دنگا اور فساد یاد آتا ہے ،نواز شریف کو نکالا تو ملک پیچھے گیا،پنجاب کی بیٹیاں جب تک خود کو محفوظ محسوس نہیں کریگی سکون سے نہیں بیٹھوں گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ آج ہمارے مخالفین بھی کہتے ہیں کہ ن لیگ کام کرتی ہے، نواز شریف کی حکومت آتےہی ملک ترقی کرتا ہے اور نواز شریف کے جاتے ہی ملک دوبارہ پیچھے جانا شروع کردیتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے انتظار میں بیٹھے لوگوں کو مایوسی ہوئی، ن لیگ کے سوا کسی اور نے پنجاب میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں چھ ماہ میں ایک ہزار نئی سڑکیں بنیں گی، میٹرو بسیں ہوں یا الیکٹرک بسیں، یہ عوام کے لیے ن لیگ کا تحفہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے پنجاب کے کسی شہر یا شہری میں کوئی تفریق نہیں جو بسیں دیگر شہروں میں چل رہی ہیں وہیں بسیں پنڈی کے لے ہیں، یہاں 80 بسوں کا تحفہ دے رہی ہوں۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ہر آنے والا دن پچھلے دن سے بہتر ہوگا۔80 گرین بسیں پنڈی کے عوام کے لیے ہمارا حقیر تحفہ ہیں۔بہت سالوں بعد آج پنڈی کی وہی خوبصورتی اور صفائی نظر آئی۔راولپنڈی آج چمک دمک سے بھرپور ہے، نواز شریف فلائی اوور اڈیالہ روڈ تکمیل کے آکری مراحل میں ہے،عوام کو گھنٹوں کی مسافت سے نجات ملے گی۔اسلام آباد ایکسپریس وے سے پشاور روڈ تک 25 کلومیٹر طویل،9 انڈر پاس اور 3 فلائی اوور پر مشتمل سگنل فری کوریڈور بنا رہے ہیں۔ آج سگنل فری کوریڈور کا کام 30 ارب روپے سے شروع ہوا ہے اور اگلے سال مکمل ہو جائے گا۔سگنل فری کوریڈور سے روزانہ دو لاکھ افراد براہِ راست فائدہ اٹھائیں گے۔ڈیڑھ سال میں جتنے کام سڑکوں اور ہسپتالوں میں پنڈی میں ہوئے کبھی نہیں ہوئے۔راولپنڈی میں پہلے بھی اگر کچھ کام ہوا تو نواز شریف یا شہباز شریف نے کیا یا پھر اب ہو رہا ہے۔راولپنڈی میٹرو شہباز شریف نے بنائی مری میں جتنے کام ہوئے نواز شریف نے کیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے سوا کبھی کسی نے پاکستان یا پنجاب میں ایک اینٹ نہیں لگائی۔مخالف کہتے ہیں کام کرتی تو مسلم لیگ کرتی،کام آتا ہے تو انہی کو آتا ہے۔کچھ لوگوں کا ذکر ہو تو گالیاں، دنگا اور فساد یاد آتا ہے اور نواز شریف کا نام سوچو تو انفراسٹرکچر اور ترقی کا نام ذہن میں آتا ہے۔مسلم لیگ(ن) جب بھی آئی ملک نے ترقی کی،جب نکالا گیا ملک پیچھے گیا۔وزیراعلیٰ مریم نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ ایک سال میں 20 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنی ہیں۔رواں سال ایک ہزار انٹر ویلج سڑکیں بننے جا رہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید