کراچی( سید محمد عسکری) یونیورسٹی آف بلتستان میں ڈاکٹر مسعود اختر کو چار برس کے لیے مستقل وائس چانسلر مقرر کردیا گیا ہے۔ یونیورسٹی آف بلتستان کی سینیٹ نے تین نام ایوان صدر کو بھیجے تھے جس میں پہلا نمبر ڈاکٹر ساجد رشید ، دوسرا نمبر ڈاکٹر مسعود اختر اور تیسرا نمبر ڈاکٹر محمد نعیم خان کا تھا۔ یاد رہے کہ تلاش کمیٹی نے یونیورسٹی آف بلتستان کے لیے پانچ ناموں کا انتخاب کیا تھا جس ڈاکٹر محمد علی شاہ اور ڈاکٹر طاہر خلیلی ٹاپ پر تھے تاہم جب یونیورسٹی کی سینیٹ ہوئی تو ڈاکٹر محمد علی شاہ نے جامعہ پنجاب کے وائس چانسلر اور ڈاکٹر طاہر محمد خلیلی نے خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقرر ہونے کے باعث معذرت کرلی تھی جس کے بعد ترتیب میں تبدیلی کرکے ڈاکٹر ساجد رشید ،ڈاکٹر مسعود اختر اور ڈاکٹر محمد نعیم خان کے ناموں کی منظوری دی گئی تھی۔ ڈاکٹر مسعود اختر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمعرات کو اسکردو پہنچیں گے تاہم انھوں نے بتایا کہ وہ بدھ کو اسلام آباد کیمپس آفس میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال چکے ہیں۔