• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکنیشن تعیناتیوں کیخلاف چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہیلتھ، ڈی ایچ او سے جواب طلب

پشاور(نیوز رپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس مہمند میں ٹیکنیشنز تعیناتیوں کے خلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری ، سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی ایچ او مہمند کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا ۔گزشتہ روز درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد نے شروع کی تو اس دوران درخواست گزاروں کے وکیل نائلہ جان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ڈی ایچ او آفس مہمند میں مختلف ہیلتھ ٹیکنالوجیز کے ٹیکنیشنز کیلئے بھرتی کا اشتہار رواں سال پانچ فروری کو دیا گیا ۔جس میں ضلع مہمند ڈومیسائل رکھنے والوں کو بھرتی کرنے کا فیصلہ ہوا جس کے بعد درخواست گزاروں نے مختلف ٹیکنیشن کے لئے اپلائی کیا اور تمام درخواست گزاروں کا تعلق مہمند سے ہے ۔ درخواست گزار نےتحریری ٹیسٹ کے بعد ٹاپ 20 میں شامل ہیں جبکہ ڈی ایچ او مہمند نے بھرتی ہونے والے افراد دیگر اضلاع سے ہیں ، عدالت کو بتایا گیا کہ 17 پوسٹوں پر 33 افراد کو بھرتی کیا گیا ہے جو افراد بھرتی کئے گئے ان میں اکثریت نےکوئی ٹیسٹ اور انٹرویو نہیں دیا ، وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بھرتی افراد کے آرڈر کینسل کئے جائیں اور میرٹ پر ضلع مہمند کے رہائشی بھرتی کی جائے ۔عدالت نے چیف سیکرٹری ،سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی ایچ او مہمند کو نوٹس جاری کردیا اور فریقین سے اگلی سماعت جواب طلب کرلیا۔
پشاور سے مزید