پشاور (خصوصی نامہ نگار) پی پی سی قبائل، چیتا، زلمی اور پینتھرز کی ٹیموں نے پشاور پریس کلب کے زیر اہتمام جاری میڈیا کرکٹ لیگ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ بدھ کے روز مقابلوں کے موقع پر مہمان خصوصی سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض، سینئر صحافی شمیم شاہد، سیکرٹری طیب عثمان، ایس پی ارشد خان، ڈی ایس پی اعجاز نبی، سیکرٹری خیبر یونین آف جرنلسٹس ارشاد علی، چیئرمین سپورٹس کمیٹی عرفان موسی زی سمیت کثیر تعداد میں صحافی موجود تھے۔پہلے میچ میں پی پی سی قبائل نے قلندرز کو10 وکٹوں سے شکست دی۔ قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 54 رنز بنائے، قبائل کی جانب سے شاہد آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں قبائل نے ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا، اسد صابری 41 رنز کے ساتھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔دوسرے میچ میں پی پی سی چیتا نے شاہین کو 24 رنز سےہرایا۔چیتا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 116 رنز اسکور کئے ،ارشاد کے 36 رنز نمایاں رہے۔ جواب میں شاہین کی ٹیم 6 وکٹوں پر 92 رنز بنا سکی، امجد خان 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے چیتا کے فہد اور زرشاد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، زرشاد پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔تیسرا میچ پی پی سی ڈولفن اور زلمی کے درمیان کھیلا گیا، ڈولفن نے پہلے کھیلتے ہوئے 73 رنز بنائے۔ طیب عثمان 35 رنزکے ساتھ نمایاںرہے۔ جواب میں زلمی نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ نبی جان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔چوتھے میچ میں پی پی سی پینتھرز نے مارخور کو 8 وکٹوں سے شکست دی، مارخور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 65 رنز بنائے، ارشد یوسفزئی 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میں پینتھرز نے ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔ زاہد امداد کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او میاں سعید احمد نے کہا کہ معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے اس نوعیت کی سرگرمیاں انتہائی موثر ہیں ا،پشاور پریس کلب کی جانب سے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ایسے ایونٹس کا انعقاد قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے سپورٹس کمیٹی اور دونوں ٹیموں کے لئے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔