• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی محتسب کے زیراہتمام دروش، چترال لوئر میں عوامی آگاہی مہم اور کھلی کچہری

پشاور ( آن لائن ) وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام تحصیل دروش، چترال لوئر میں عوامی آگاہی مہم اور کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔عوامی آگہی مہم اور کھلی کچہری کی اس تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر چترال لوئر عمران وزیر نے کی، جبکہ وفاقی محتسب کی نمائندگی محمد مشتاق جدون، ریجنل ہیڈ پشاور، اور ثناء اللہ خان، ریجنل ہیڈ سوات نے کی۔کھلی کچہری میں شہریوں، مقامی عمائدین، عوامی نمائندوں اور ضلعی و وفاقی اداروں کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پرعوام نے بجلی، نادرا، پوسٹ آفس، بیت المال، اور دیگر وفاقی اداروں سے متعلق اپنی شکایات پیش کیں۔ ریجنل ہیڈ پشاور اور متعلقہ محکموں کے افسران نے کئی شکایات کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر عمران وزیر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ، وفاقی محتسب کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ محمد مشتاق جدون نے کہا کہ وفاقی محتسب ادارے کا بنیادی مقصد عوام کو سستا، فوری اور مؤثر انصاف فراہم کرنا ہے۔ شہری بلا خوف و تردد اپنی شکایات درج کریں تاکہ اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شرکت اور آگاہی سے شفافیت اور بہتر حکمرانی کو فروغ ملتا ہے، جو عوامی مفاد میں انتہائی ضروری ہے۔ کھلی کچہری میں بتایا گیا کہ وفاقی محتسب کا دفتر ہر شہری کے لیے کھلا ہے، جہاں شکایات کا ازالہ بلا معاوضہ اور شفاف طریقے سے کیا جاتا ہے۔ شہری وفاقی اداروں میں بدانتظامی سے متعلق شکایات براہِ راست ریجنل آفس پشاور یا واٹس ایپ نمبر 03108147713 پر درج کرا سکتے ہیں
پشاور سے مزید