• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کسی پارٹی یا اسٹیبلشمنٹ کا نام نہیں، ملک میں چند لوگوں کی اجارہ داری ہے، کٹھ پتلیاں کام کرہی ہیں ، حافظ نعیم الرحمان

لاہور(نمائندہ خصوصی)مینار پاکستان پر جماعت اسلامی کے 3روزہ اجتماع عام کا آغاز ہوگیاجس میں پہلے روز ملک بھر سے خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد شریک ہوئے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ پاکستان کسی پارٹی یا اسٹیبلشمنٹ کا نام نہیں ملک میں  چند  لوگوں کی اجارہ داری ہے، کٹھ پتلیاں کام کر رہی ہیں  حکمرانوں نے ابراہیمی معاہدہ مانا تو عبرت کا نشان بنادیں گے، کشمیر پر سودے بازی بھی کسی صورت قبول نہیں کریں گے، 27 ویں ترمیم والے سن لیں اللہ کے نزدیک کسی وڈیرے ،جاگیردار، صدر کو استثنیٰ حاصل نہیں، ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں حاکمیت صرف اللہ تعالیٰ کی ہو۔اجتماع عام کے بین الاقوامی سیشن میں آج 150غیرملکی مندوبین شریک ہونگے۔اجتماع عام کے حوالے سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ ناظماجتماع عام لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اجتماعِ عام کا ایسا منظر کم ہی دیکھا گیا ،حافظ نعیم نے کہا کہ27 ترمیم کو نہیں مانتے ہر شخص کو حساب دینا ہوگا ۔زراعت، لوہا، چینی مافیا ملک میں ہے، بارہ ماہ میں بارہ مافیاز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کشمیر پاکستان کا ہے، کشمیر ی خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ ملک پاکستان بن گیا ہے اور پوری امت مسلمہ کی ترجمانی کر رہا ہے۔ یہ امت انشاء اللّٰہ ایک مرتبہ پھر سربلندی حاصل کرے گی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔پاکستان کا آئین تعلیم انصاف اور چاروں صوبوں کو اکٹھا کرنے کا طریقہ بتاتا ہے، اس میں کوئی جرنیل جج کمی بیشی نہیں کرسکتا ۔پاکستان کا نظام قرآن وسنت کے تابع ہے آئین امیر غریب کے فرق کو ختم کرتا ہے ہم اللّٰہ کی حاکمیت چاہتے ہیں جس میں ہر شخص جوابدہ ہو۔انہوں نے کہا کہ دستور کے مطابق قرآن و سنت کے منافی کسی بھی قسم کی قانون سازی کسی صورت نہیں کی جائے گی۔78 سال سے موجود ملک پر قابض حکمران ٹولے نے قوم کو ناامیدی اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا،ہم نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔حافظ نعیم نے واضح کیا کہ78 سال قبل لاہور مینار پاکستان میں قرارداد پاکستان کے ساتھ ایک اور قرارداد اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی قرارداد بھی شامل تھی، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے کہا تھا کہ اسرائیل مغرب کا ناجائز بچہ ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، امریکہ انسانیت کا کھلا دشمن ہے جس نے ہیروشیما ناگاساکی پر بمباری کی۔ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ہر وہ قرارداد جو مظلوم کے حق میں ہو اس پر ویٹو کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا پاک بھارت جنگ میں پوری قوم نے مل کر فوج کا ساتھ دیا لیکن ہمارے حکمرانوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے کہنے پر جنگ بندی کی،اگر یہ جنگ 2 روز اور جاری رہتی تو بھارت کو آئندہ کبھی بھی حملہ کرنے کی ہمت نہ ہوتی، ٹرمپ نے جنگ بندی میں کشمیر کے معاملے پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کا کہا تھا، حکمران بتائیں کہ کشمیر کے مسئلے پر کیوں بات نہیں کی گئی۔ پاکستان کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کا ملک ہے۔ اجتماع عام کے تیسرے اور آخری روز آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اور ظلم کے نظام کے خلاف ملک میں ہر کونے سے زبردست تحریک شروع کی جائے گی، انٹرنیشنل سیشن میں 45 ممالک سے 120مندوبین تشریف لائیں گے۔اجتماع عام سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و ناظم اجتماع عام لیاقت بلوچ اور مرکزی جنرل سیکرٹری امیر العظیم نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم نے مزید کہاکہ آج مینار پاکستان 329ایکڑ پر مشتمل چھوٹا پڑگیا، ملک کے تمام صوبوں سے عوام بڑی تعداد میں شریک ہوئے ہیں، ہزاروں کی تعداد میں کارکنان نے اجتماع عام کے انعقاد میں دن رات ایک کرکے یہ فریضہ انجام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مسلکوں کا احترام کرتے ہیں فرقہ واریت کو تسلیم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہاکہ بیوروکریسی جسے قوم کا خادم ہونا چاہیے وہ قوم کی حاکم ہوتی ہے۔انگریزوں کی غلام اور ان کی نسلیں آج بھی ملک پر مسلط ہیں۔چند لوگ جو خود تو بہت پڑھے لکھے ہوتے ہیں لیکن قوم کو جاہل بنا کر رکھتے ہیں۔20 فیصد لوگوں کی اجارہ داری 80 فیصد لوگوں پر قائم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چند لوگوں کی اجارہ داری قائم ہے اور پاکستان میں کٹھ پتلیاں کام کر رہی ہیں،جماعت اسلامی اسلام کے غلبے کی تحریک ہے۔ کشمیر، فلسطین اور غزہ کے لوگوں کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔ہم اللّٰہ کی زمین پر اللّٰہ کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔جماعت اسلامی کے بانی مولانا مودودی نے جس نظریے کے مطابق تحریک بنائی اسی تحریک کو نئے جذبے کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔ مولانا مودودی کی فکر کے مطابق ہم تنظیم و تربیت اور عوامی حمایت کے ذریعے آگے بڑھیں گے۔ہم زیر زمین نہیں بلکہ برسر زمینی جدو جہد کر کے اقتدار میں آئیں گے۔فارم 47 اور کسی کی آشیرباد سے اقتدار میں نہیں آئیں گے۔ جماعت اسلامی اجتماع عام میں بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے بھی مینار پاکستان لاہور میں مقدمہ پیش کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید