اسلام آباد (نمائندہ خصوصی،نامہ نگار خصوصی) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یا فتہ 8دہشتگرد ہلاک کردیئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا،صدر آصف علی زرداری ، وزیر اعظم شہباز شریف، اسپیکر ایاز صادق اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خلاف مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ملک کی بقا کیلئے ضروری ہے،خوارج کیخلاف کارروائیاں قومی سلامتی مستحکم بنا رہی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک کردیئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ خوارج کے خلاف مربوط کارروائیاں قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں ، سپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف لڑنے والوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔