کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں سیز فائر کی خلاف ورزیاں، اسرائیلی بمباری، 5بچوں سمیت 21شہید، غزہ سٹی کی مصروف سڑک پر صہیونی ڈرون حملے میں گاڑی تباہ، 5افراد شہید، متعدد زخمی، شمالی و وسطی غزہ میں نئی ڈرون و میزائل کارروائیاں، مرکزی شہر میں درجنوں گھر مسمار کر کے سیکڑوں افراد بے گھر کردئیے، بفر زون 250میٹر بڑھا دیا گیا، سرد موسم سے بے گھر خاندانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ بھر میں اسرائیلی حملے، گھروں کی مسماری اور محاصرے کے باعث صورت حال مزید تباہ کن ہوتی جا رہی ہے۔ غزہ سٹی کی ایک مصروف شاہراہ پر اسرائیلی ڈرون نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پانچ فلسطینی موقع پر شہید جبکہ بچوں سمیت سات افراد شدید زخمی ہوگئے فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم سات افراد شہید اور 30 زخمی ہوئے، جبکہ شمالی اور وسطی غزہ میں ڈرون اور میزائل حملوں کی نئی لہر نے مجموعی شہادتوں کوکئی گنا بڑھادیا۔ جنگ بندی کے 10 اکتوبر کے اعلان کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 318 اور زخمیوں کی تعداد 788 ہو چکی ہے۔ مجموعی طور پر اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک 69,733 فلسطینی شہید اور 170,863 زخمی ہو چکے ہیں، جو غزہ میں تباہی کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔ غزہ سٹی میں اسرائیل کی جانب سے گھروں کی مسماری کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ فلسطینی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل کے مطابق اسرائیل نے جنگ بندی کے بعد بفر زون کو 250 میٹر تک بڑھا کر سیکڑوں خاندانوں کو ایسے علاقوں میں دھکیل دیا ہے جہاں پینے کے پانی، بجلی اور صفائی جیسی بنیادی سہولیات موجود نہیں۔ سرد موسم نے بے گھر خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور فوری امدادی اقدامات نہ ہونے کی صورت میں شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔