کراچی(نیوزڈیسک)وفاقی اردو یونیورسٹی کی انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کے صدر روشن علی سومرو، انجمن اساتذہ گلشن اقبال کیمپس کی صدر ڈاکٹر سعدیہ خلیق اور اسلام آباد کیمپس کی صدر ڈاکٹر عطیہ نے مشترکہ بیان میں یونیورسٹی کے چانسلر اور صدرِ پاکستان کی جانب سے ڈپٹی چیئر سینیٹ کو عہدے سے برطرف کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام یونیورسٹی میں جاری طویل مالی، انتظامی اور اخلاقی بحران کے تناظر میں نہایت ضروری تھا۔مشترکہ بیان میں صدرِ مملکت سے اپیل کی گئی کہ یونیورسٹی کی سینیٹ کا خصوصی اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے تاکہ یونیورسٹی کو درپیش مسائل کا مستقل حل تلاش کیا جا سکے۔ تینوں صدور نے واضح کیا کہ وائس چانسلر ضابطہ خان شنواری کے دورِمیں وفاقی اردو یونیورسٹی شدید ابتری کا شکار ہوئی ، جس کے نتیجے میں یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی کارکردگی متاثر ہوئی اور مالی بدحالی میں اضافہ ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ تین ماہ سے اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، ہاؤس سیلنگ 15 ماہ سے رکی ہوئی ہے، میڈیکل سہولیات بندش کا شکار ہیں، پینشن اور بعد از ریٹائرمنٹ بقایاجات بھی ادا نہیںن ہوئے جبکہ مناسب اہلیت نہ رکھنے والے افراد کو کلیدی عہدوں پر تعینات کرنے سے انتظامی ڈھانچہ مزید کمزور ہوگیا ہے۔