کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں آئی ایم سی اوور فورٹی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ویٹرینز نے دوسرا میچ بھی جیت لیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو شکست دے دی۔ پاکستان نے چار وکٹ پر 192 رنز بنائے۔ نائب کپتان فواد عالم 28 گیندوں پر 56 ، طارق محمود 27 گیندوں پر 46 رنز بناکر نمایاں رہے، ناکام ٹیم چھ وکٹ پر 135 رنز بنا سکی، محمد سلیمان نے 35 رنز کے عوض تین جبکہ ذوالفقار بابر نے 16 رنز دیکر دو دو وکٹ لئے۔ فواد عالم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دریں اثنا ساؤتھ اینڈ کلب میں یو اے ای نے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے زیر کرلیا ۔ ویسٹ انڈیز نے پانچ وکٹ پر 139 رنز بنائے، یو اے ای نے مطلوبہ 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ قمر احمد نے57 گیندوں پر گیارہ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 100 اسکور کیے۔کراچی جمخانہ میں ریسٹ آف دی گلف نے زمبابوے کو چار وکٹ سےزیر کیا، زمبابوے نے 107 رنز بنائے، فاتح سائیڈ نے تین اوور قبل ہدف حاصل کرلیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سری لنکا نے 8 وکٹ پر 173 رنز بنائے ، امریکہ نے ہدف پانچ وکٹ پر حاصل کرلیا۔ کراچی جمخانہ میں ساؤتھ افریقہ نے دس وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی ۔ ساؤتھ اینڈ کلب میں آسٹریلیا نے ریسٹ آف دی ورلڈ کو 43 رنز سے شکست دیدی۔