ڈھاکا (اے ایف پی)انسانیت کیخلاف جرائم ،بنگلہ دیش کا بھارت سے شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کا مطالبہ ،برطرف وزیر اعظم کی حوالگی کیلئے بھارت کو خط لکھا ہے، توحید حسین، یہ تیسری باضابطہ درخواست تھی، بنگلہ دیشی اخبار کا دعویٰ، بنگلادیش کی حکومت نے کہا ہے کہ اس نے بھارت سے برطرف بنگلہ دیشی وزیرِاعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے، جنہیں عوامی احتجاج کے شرکا کے خلاف خونریز کریک ڈاؤن پر رواں ہفتہ سزائے موت سنائی گئی تھی۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت میںنگران وزیر خارجہ توحید حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ ہم نے شیخ حسینہ کی حوالگی کے لیے بھارت کو خط بھیجا ہے۔ انہوں نے خط کے مندرجات پر کوئی تفصیل نہیں بتائی، تاہم بنگلہ اخبار پروتھوم آلو کے مطابق حسینہ کے فرار کے بعد یہ تیسری باضابطہ حوالگی کی درخواست تھی۔ عدالت کی جانب سے حسینہ کو انسانیت کے خلاف جرائم میں مجرم قرار دینے اور سزائے موت سنانے کے بعد ڈھاکا کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ دہلی پر دوطرفہ معاہدے کے تحت سابق رہنما کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے کی "لازمی ذمہ داری" عائد ہوتی ہے۔ بھارت کی وزارتِ خارجہ نے جواب میں کہا کہ انہوں نے فیصلے کو "نوٹ" کیا ہے، لیکن حوالگی کی درخواست پر کوئی براہِ راست تبصرہ نہیں کیا۔ڈھاکا کی جانب سے تازہ ترین خط پر بھی فوری ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ 78سالہ حسینہ اگست 2024میں اپنی آمرانہ حکومت کے خاتمے کے بعد سے بھارت میں روپوش ہیں۔