• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، 5 سال میں بیروزگار افراد کی تعداد 14 لاکھ بڑھ گئی، ماہانہ اجرت میں اضافہ، قومی لیبر فورس سروے

اسلام آباد(رپورٹ ،تنویر ہاشمی )پاکستان میں 5 سال میں مزدور وں کی تعداد میں اضافہ، کسانوں میں کمی، قدرتی آفات سے بیروزگاری بڑھی ،بیروزگار افراد کی تعداد 14لاکھ بڑھ گئی ،لیبر فورس کی تعداد سات کروڑ 18لاکھ سے بڑھ کر 8کروڑ56لاکھ ،زراعت ، ماہی گیری کے شعبوں میں روزگار کی شرح کم ہو گئی ۔ لیبر فورس سروے 2024-25کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ آبادی میں تیز رفتار اضافے پر قابو پانا ناگزیر،صوبوں سےمل کرمنصوبہ بندی پر مؤثر حکمتِ عملی تیار کر رہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ پانچ برس میں بے روزگار افراد کی تعداد میں 14لاکھ کا اضافہ ہوا اور یہ 45لاکھ سے بڑھ کر 59لاکھ ہوگئی ان میں 38لاکھ مرد اور 21لاکھ خواتین ہیں ، ملک میں بے روزگار کی شرح 6.3فیصد سے بڑھ کر 6.9فیصد ہوئی ، مردوں میں بے روزگاری کی شرح 5.5فیصد سے بڑھ کر 5.9فیصدا ور خواتین میں 8.9فیصد سےبڑھ کر 9.7فیصد ہو گئی ، ملک میں ماہانہ اوسط اجرت 24028روپے سے بڑھ کر 39042روپے ہو گئی ،ان میں مردوں کی ماہانہ تنخواہ 24643روپے سے بڑھ کر 39302روپے اور خواتین کی ماہانہ اجرت 20117روپے سے بڑھ کر 37337روپے ہو گئی ،، ملک میں 10سال سے زائد عمر کی لیبر فورس جو کام کیلئے دستیاب ہے اس کی تعداد سات کروڑ 18لاکھ سے بڑھ کر 8کروڑ56لاکھ ہوگئی ، ہر سال لیبر فورس میں 35لاکھ کا اضافہ ہواان میں برسروزگار افراد کی تعداد 6کروڑ73لاکھ سے بڑھ کر سات کروڑ97لاکھ ہو گئِی اور اس میں ایک کروڑ 24لاکھ کا اضافہ ہوا ، ملک میں جن صنعتوں میں روزگار میں کمی واقع ہوئی ، ان میں زراعت ، ماہی گیری کے شعبوں میں روزگار کی شرح 37.4فیصد سے کم ہوکر 35.1فیصد ہو گئی ، مینوفیکچرنگ کے شعبے میں روزگار کی شرح 14.9فیصد سے کم ہو کر 14.4فیصد ہو گئی ، جن شعبوں میں روزگار میں اضافہ ہوا ان میں تعمیرا ت کے شعبے میں 9.5فیصد سے بڑھ کر 9.6فیصد ، ہول سیل اور ریٹیل ٹریڈ میں 14.4فیصد سے بڑھ کر 15.5فیصد ، ٹرانسپورٹ سٹوریج و مواصلات کےلیے 6.2فیصد سے بڑھ کر 6.4فیصد ، سماجی خدمات میں 16فیصد سےبڑھ کر 17.4فیصد اور دیگر متفرق شعبوں میں روزگار کی شرح 1.5فیصد سےبڑھ کر 1.6فیصد ہو گئی ۔

اہم خبریں سے مزید