راولپنڈی(جنگ نیوز/ایجنسیاں)پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی اردشیر لاریجانی نے جنرل ہیڈکوارٹرزراولپنڈی میں ملاقات کی۔ملاقات میں خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتِحال پر گفتگو کی گئی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےدوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہر پاکستانی شہری کی سلامتی‘ تحفظ اور ملکی سرحدوں کا دفاع پاک فوج کی اولین ترجیح ہے‘ ملکی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘خطے کو جیو پولیٹیکل کشمکش ‘سرحد پار دہشت گردی اورچیلنجز کا سامنا ہے ‘ ہماری سب سے بڑی طاقت قومی یکجہتی ہے اور ہم سب مل کر دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے‘پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے قومی سطح پر ہم آہنگی ‘مربوط کوششیں اور ادارہ جاتی تعاون ناگزیر ہے‘پروپیگنڈے کی جنگ سمیت پیچیدہ چیلنجز کے باوجود مسلح افواج قومی سلامتی کے لیے پُرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وہ بدھ کو قومی سلامتی ورکشاپ (این ایس ڈبلیو 27) کے شرکا سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے بدھ کو جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں پاکستان کی علاقائی اور داخلی سکیورٹی صورتحال اور مجموعی قومی سلامتی کے ماحول پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی مسابقت، سرحد پار دہشت گردی اور ہائبرڈ خطرات نے علاقائی ماحول کو پیچیدہ بنا دیا ہے‘بیرونی سرپرستی میں جاری دہشت گردی اور اطلاعاتی جنگ جیسے چیلنجز کے باوجود پاک فوج، انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔